roman urdu me padhne ke liae click here
سوال از : برادر محترم
سلام علیکم
اگر کسی شخص نے گولڈ خریدا ہو بیوی کو دینے کے لیئے اور بہن کے جہیز کی غرض سے تو مجھے جاننا ہے کہ :
- کیا گولڈ پہ خمس نکلے گا یا زکات یا دونوں ؟
- اگر گولڈ قرض لے کے خریدا ہو تو کیا خمس یا زکات نکلے گا ؟ قرض گولڈ خریدنے کے مقصد سے ہی لیا ہے
- اور کیا جو قرض دار ہو جس پہ پہلے سے قرض ہو اور وہ گولڈ خریدے اپنی سیلری سے بیوی کو دینے اور بہن کے جہیز کی غرض سے تو خمس یا زکات نکالنا اس کے لیئے ضروری ہے ؟ اور کتنا نکلے گا ؟
تقلید : آقا سیستانی صاحب
نوٹ : گزارش ہے کہ میرا نام ظاہر نہ کیجیئے گا
جواب :
باسمه تعالى
ياصاحب الزمان ادركنا
عليكم السلام و رحمةالله و بركاته
مندرجہ ذیل تمام سوالات کے جوابات ملاحظہ فرمائیں :
- سونے کے زیورات پر زکات نہیں ہے
- بیوی کے لیئے خریدے گئے زیورات کی دو صورتیں ہیں :
- اگر آپ سونے کا زیور اس کے نام سے رکھیں کہ شادی کے موقع پر اس کو دیں گے تو اس صورت میں چوں کہ جب تک شادی کے موقع پر اس کو زیور نہیں دیں گے، تب تک وہ زیور آپ کی ملکیت ہی میں شمار ہوگا، اس لیئے اس کا خمس آپ پر واجب ہے
- بیوی کو ہدیہ و تحفہ دے دیا (گفٹ کر دیا) تو اس صورت میں زیورات کا خمس نہ آپ پر واجب ہوگا اور نہ ہی آپ کی بیوی پر واجب ہوگا
بیوی پر اس شرط کے ساتھ واجب نہیں ہوگا کہ زیورات بمقدار معمول و مرسوم ہوں اور اس کے شایانِ شان ہوں (اس کی شان کے مناسب ہوں) - قرض کی رقم سے بیوی کے لیئے خریدے گئے زیورات پر خمس نہیں ہے، خمس کی تاریخ آنے پر صرف اس رقم پر خمس واجب ہے جو قسطوں میں ادا کی گئی ہو
- اپنے اخراجات کے لیئے قرض لیا تھا اور مقروض ہونے کے باوجود اپنی تنخواہ سے زیورات خریدے تاکہ شادی کے موقع پر اپنی بیوی کو دیں تو ایسی صورت میں ان زیورات پر خمس واجب ہے
- سونے کی قیمت کا پانچواں حصہ (20 فیصدی) خمس دیا جائے گا
- بہن کے جہیز کے لیئے خریدے گئے زیورات پر خمس واجب ہے
ایک صورت میں آپ پر خمس واجب نہیں ہوگا، زیورات بہن کو ہبہ (بلا قیمت و عوض حق ملکیت کی منتقلی / بخشش) کر دیں
قسطوں اور جہیز پر خمس کے بارے میں ملاحظہ کریں
والسلام
سید شمشاد علی کٹوکھری
خادم ادارئہ " دار العترت "عظیم آباد - پٹنہ شعبئہ سوالات قم / ایران
25 / ذی القعدہ / 1445ھ.ق
روز دَحْوُ الْأرْض
رومن اردو سے اردو رسم الخط میں تبدیل
No comments:
Comment