roman urdu me padhne ke liae click here
سوال از : محترم جناب سید محمد ذکی رضوی صاحب
- امام حسین (علیہ السلام) کی ذوالفقار اور ذوالجناح کہاں گیا 10 محرم کے بعد
- امام حسین (علیہ السلام) کی شہادت 10 محرم کو ہوئی بوڈی جسم کب دفنائی گئی اور کس نے دفنایا بوڈی جسم کو ؟
جواب :
باسمه تعالى
ياصاحب الزمان ادركنا
سلام عليكم
امام حسین (عليه السلام) کے جسد اطہر کو کب دفن کیا گیا ؟
اس کی بابت مورخین کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا ہے ، بعض مورخین کا کہنا ہے کہ گیارہ محرم کو دفن کیا گیا
لیکن بعض قدیم دور اور ہم عصر مورخین کے درمیان مشہور قول کے مطابق تیرہ محرم کو دفن کیا گیا
ہم عصر معروف شیعہ مورخ و عالم "مُقَرَّم" صاحب لکھتے ہیں :
تیرہویں محرم کو امام زین العابدین (عليه السلام) اپنے شہید والد محترم کو دفن کرنے کے لیئے جسد مبارک کے پاس تشریف لائے اور اسے گلے لگایا اور بلند آواز سے روئے اور قبر کی جگہ پر آکر تھوڑی سی مٹی ہٹائی تو کھدی ہوئی قبر و شگافتہ مقبرہ ظاہر ہوا ...
(مقتل الحسين عليه السلام المعروف بہ مقتل مُقَرَّم - صفحہ 319 و 320 - تالیف سید عبد الرزاق مقرم )
قدیم دور کے سنی مورخ و عالم "دِینَوَرِی" صاحب رقمطراز ہیں :
امام حسین (عليه السلام) کی شہادت کے بعد عمر بن سعد دو روز کربلا میں رہا ، اس کے بعد وہاں سے روانگی کا حکم دیا ...
(اَلاَخبَارُ الطِّوَال - صفحہ 259 - تالیف ابو حنیفہ دِینَوَرِی)
اس بات پر تمام مورخین متفق ہیں کہ عمر بن سعد کے جانے کے بعد امام حسین (علیه السلام) اور دوسرے شہدائے کربلا (سلام الله علیهم) کو دفن کیا گیا
ملاحظہ فرمایا کہ قدیم اور معروف مورخ "دینوری" صاحب نے لکها ہے کہ امام حسین (علیه السلام) کی شہادت کے بعد عمر بن سعد دو روز تک کربلا میں رہا پهر کوفہ کے لئے روانہ ہونے کا حکم دیا ، اس کا مطلب یہ ہوا کہ کربلا سے عمر بن سعد کی روانگی تیره محرم کو ہوئی لہذا امام حسین (علیه السلام) کی تدفین عمر بن سعد کے جانے کے بعد تیره محرم کو ہوئی
(دن میں ہوئی یا رات میں ، یہ ایک الگ موضوع ہے)
مذکوه بالا کتابوں کے مطابق تیره محرم کو دفن کیا گیا
خلاصۂ کلام :
بنابر قول مشہور شہدائے کربلا کے طاہر اجساد تین روز تک تمازت آفتاب اور دهوپ کی تیزیت میں زمین کربلا پر پڑے رہے اس کے بعد دفن ہوئے
کس نے دفن کیا ؟
شیعہ عقیدے اور روایات کے مطابق امام ( معصوم ) کو امام ( معصوم ) ہی دفن کرتا ہے اور نماز جنازه پڑهانے و غسل و کفن کے فرائض انجام دیتا ہے لہذا کوفے میں واقع ابن زیاد (لعنة الله علیه) کے زندان سے امام سجاد (علیه السلام) با اعجاز کربلا واپس آئے اور خود دفن کیا
اس تعلق سے تفصیلی روایت مندرجہ ذیل کتابوں میں پڑھ سکتے ہیں :
- اِختِیَارُ مَعرِفَةِ الرِّجَال المعروف بہ رجال کَشِّی - جلد 1 - صفحہ 463 تا 465 - تالیف شیخ طوسی
- بِحار الانوار - جلد 45 - صفحہ 169 - تالیف علامہ مجلسی
تبصره :
جس سوال کا جواب نہیں دیا گیا ہے اس کو الگ الگ کرکے دوباره پوچهنے کی زحمت کریں
نیچے دیئے گئے جواب کا پڑھنا مفید ہے انشاءالله
والسلام
سید شمشاد علی کٹوکهری
خادم اداره دارالعترت - عظیم آباد / پٹنہ - شعبۂ سوالات قم / ایران
5 / ربیع الاول / 1444 ھ.ق
رومن اردو سے اردو رسم الخط میں تبدیل
No comments:
Comment