roman urdu me padhne ke liae click here
بسم الله الرحمن الرحيم
يا صاحب الزمان ادركنا
نئے شادی شدہ جوڑے کو کن الفاظ میں دعا دینی چاہیئے ؟
آجکل شادیوں کا موسم ہے تقریبا روزانہ شادیاں ہو رہی ہیں، کسی بھی شادی شدہ جوڑے کو اچھی زندگی کی شروعات کے لئے چند کام کرنا بہت ضروری ہے ، ان میں سے ایک یہ ہے کہ دونوں کو دعا دینی چاہیئے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ دلہا اور دلہن کو کن الفاظ میں دعا دینی چاہیئے ؟
جو دعائیں نورِ خدا معصومین (صلوات الله عليهم) سے وارد ہوئی ہیں ان ہی دعاؤں کے الفاظ کو استعمال کیا جائے تو بہت زیادہ مؤثر اور بہتر ہے اس لئے کہ معصوم کی زبانِ مبارک سے نکلے ہوئے جملوں کی جو خوبصورتی اور تاثیر و نورانیت ہے وہ کسی اور جملے و الفاظ میں نہیں ہو سکتی۔
ایک مختصر اور با اثر دعا تمام مومنین کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کررہا ہوں۔
جب امیر المومنین علی (عليه السلام) کا عقد جناب زہرا (سلام الله عليها) سے ہوگیا تو رسول خدا ( صلى الله عليه وآله ) نے فرمایا اب تم دونوں اپنے گھر جاؤ
رخصتی کے وقت آپ نے کائنات کے ایسے بے نظیر ، لاجواب اور آسمانی دلہا اور دلہن کے لئے اس طرح دعا فرمائی :
" جَمَعَ اللهُ بَينَكُمَا ، وَ بَارَكَ فِى نَسلِكُمَا، وَ اَصلَحَ بَالَكُمَا "
اس کا مطلب یہ ہے :
" تم دونوں کو اللہ جمع و اکٹھا رکھے ، اور تم دونوں کی نسل میں برکت عطا کرے ، اور تم دونوں کے حال کی اصلاح فرمائے (یعنی دونوں کا حال سنوار دے ، دونوں کی عاقبت بخیر کرے) "
(بحار الانوار ج 43 ص 122 مطبوعہ مؤسسہ الوفا)
یہ دعا نہایت جامع ، کافی اور وافی ہے
اس میں باہمی تعلقات و اتفاق ، آپس میں مہربان رہنے ، اولاد و نسلوں میں برکت اور عاقبت بخیر ہونے کی درخواست کی گئی ہے۔
دلہا اور دلہن کے باپ ماں ، بزرگ اور بڑے و چھوٹے سبھی ، نکاح کے بعد خصوصا جب دلہن اپنی سُسرال جانے لگے تو دلہا اور دلہن کی سعادت اور خوشبختی کے لئے یہ دعا پڑھ سکتے ہیں۔
البتہ والدین کی دعائیں اولاد کے حق میں جلد قبول ہو جاتی ہیں
سید شمشاد علی کٹوکھری
خادم ادارہ " دار العترت "
مقیم قم المقدسہ/ ایران
20 / ربیع الثانى / 1443 ھ.ق
Recommendation
No comments:
Comment